قیدیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور معاشرے کا مفید شہری بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، مریم نواز

اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جیل اصلاحات محفوظ اور بہتر معاشرے کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہیں، جبکہ قیدیوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں جیل اصلاحات سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اس کانفرنس میں شرکت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہیں اور قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شفاف اور مؤثر انصاف کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، جبکہ قیدیوں کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جیل اصلاحات کے لیے متعدد عملی اقدامات کیے ہیں، تاہم اس فورم پر وہ سیاسی گفتگو نہیں کرنا چاہتیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اصلاحاتی پروگراموں کے تحت قیدیوں کی ذہنی صحت، کونسلنگ اور بحالی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ سزا مکمل کرنے کے بعد وہ معاشرے کے ذمہ دار اور مفید شہری بن سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کے لیے آڈیو اور ویڈیو کال کی سہولت بھی فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ جیل اصلاحات کا مقصد اصلاحی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور نظامِ انصاف کو مزید مؤثر اور انسانی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close