مون سون سیزن کے پیش نظر ایجوکیشن اتھارٹی نے پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں کیلئے جامع حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
تمام تعلیمی اداروں کو سکول عمارتوں، کلاس رومز، چھتوں اور داخلی و خارجی گیٹس کی فوری حفاظتی جانچ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق غیر محفوظ قرار دی جانے والی عمارتوں میں فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجرا تک تدریسی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔ سکولوں میں نکاسی آب کے مؤثر انتظامات، بجلی کی وائرنگ اور برقی آلات کی فوری چیکنگ، جبکہ خراب کنکشنز کو فوری درست کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
حکام نے ہدایت کی ہے کہ بارش اور تیز آندھی کے دوران طلبہ اور عملے کو غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر نہ جانے دیا جائے۔ اس کے علاوہ سکولوں میں موجود درختوں کی کانٹ چھانٹ، کمزور شاخوں کی فوری کٹائی، چھتوں، سیڑھیوں اور کھیل کے میدانوں کو پھسلن اور رکاوٹوں سے پاک رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
تمام سکولوں کو فرسٹ ایڈ کٹ مکمل رکھنے، ہنگامی رابطہ نمبرز نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے اور کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ تمام نجی سکول بھی ان حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد کے پابند ہوں گے، جبکہ غفلت برتنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






