ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ، فی کلو ٹماٹر 300 روپے

کراچی: کراچی میں ٹماٹر کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ایک کلو ٹماٹر 300 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، جس سے شہریوں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔

سابق نائب صدر کراچی چیمبر یونس سومرو کے مطابق سندھ میں نئی فصل کی پنیری تیار ہے اور جولائی سے کاشت کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مون سون بارشوں کے دوران 10 سے 20 فیصد پودے متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے، تاہم کسان یہ خطرہ برداشت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاول کی فصل مسلسل اترتی رہتی ہے جبکہ ٹماٹر کی کاشت نومبر تک جاری رہتی ہے اور اس کی پیداوار اپریل تک دستیاب رہتی ہے۔ مئی اور جون میں قیمتیں نسبتاً مستحکم رہتی ہیں، تاہم جولائی میں عارضی قلت کے باعث نرخ بڑھ جاتے ہیں۔

یونس سومرو کا کہنا تھا کہ طلب پوری کرنے کے لیے ایرانی ٹماٹر درآمد کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق سندھ میں کنٹرولڈ ماحول میں سال بھر مناسب قیمت پر ٹماٹر پیدا کیے جا سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے سرمایہ کاری درکار ہے۔ اس حوالے سے کراچی چیمبر اور سندھ حکومت کے درمیان مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اگر سازگار ماحول فراہم کرے تو کراچی چیمبر مقامی سرمایہ کاروں کے اشتراک سے ایسے منصوبوں پر کام کر سکتا ہے۔ ان کے بقول سستے قرضوں کے بجائے شراکت داری پر مبنی جدید زرعی نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ منافع اور نقصان کو مشترکہ طور پر برداشت کیا جا سکے اور خوراک کی ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close