مظفرآباد: آزاد کشمیر انتخابات کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے انتخابی اتحاد کا اعلان کر دیا۔
پیپلز پارٹی اور جے یو آئی آزاد جموں و کشمیر کے رہنماؤں نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں اتحاد کا باضابطہ اعلان کیا۔
اس موقع پر چوہدری یاسین نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جے یو آئی کے ساتھ باضابطہ سیاسی اتحاد قائم کیا جا رہا ہے، جس سے دونوں جماعتوں کو انتخابی سطح پر فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔ ان کے مطابق حلقہ ایل اے 14 اور ایل اے 23 میں جے یو آئی کے امیدوار دونوں جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
امیر جے یو آئی آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان انتخابی اتحاد قائم ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی دو حلقوں میں جے یو آئی کے امیدواروں کی حمایت کرے گی، جبکہ دیگر تمام حلقوں میں جے یو آئی، پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






