کراچی: ہجرت کالونی میں 20 روپے نہ دینے پر نشے کے عادی شخص نے تیز دھار آلے سے ایک بچے کے گلے پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ سمندر کی جانب واقع جنگل نما علاقے میں پیش آیا، جہاں نشے کے عادی شخص نے بچے کے گلے پر بلیڈ سے وار کیا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بعد ازاں سول لائن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچے پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
متاثرہ بچے کے مطابق ملزم نے اس سے 20 روپے طلب کیے، اور انکار کرنے پر بلیڈ سے حملہ کر دیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سمندر کی جانب واقع علاقے میں نشئی افراد کے مستقل ڈیرے قائم ہیں، جو شہریوں سے لوٹ مار کرنے کے ساتھ انہیں تشدد کا نشانہ بھی بناتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں منشیات کے عادی افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






