مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اپنی شناخت کے لیے نہ خواجہ آصف اور نہ ہی کسی اور کی توثیق کی ضرورت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پرانی سوچ رکھنے والے افراد اپنے طرزِ عمل سے لوگوں کو قریب لانے کے بجائے ان کے درمیان فاصلے پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے بیان پر شدید عوامی ردعمل سامنے آنے کے بعد خواجہ محمد آصف اب آزاد جموں و کشمیر کے طرزِ حکمرانی پر تنقید کرکے اپنی غلطی سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اگر خواجہ آصف اپنے اعلیٰ حکام سے دریافت کریں تو انہیں معلوم ہو جائے گا کہ آزاد کشمیر میں گورننس کس انداز میں چلائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ باوقار رویہ یہی ہوگا کہ وزیر دفاع اپنے اصل بیان پر وضاحت دیں اور معذرت کریں، بجائے اس کے کہ اپنی غلطی پر پردہ ڈالنے کے لیے آزاد کشمیر کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






