پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شدید گرمی اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ) کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مسلسل بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلاب آنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
الرٹ کے تحت اپر اور لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے حساس گلیشیائی علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے، صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اداروں، مشینری اور امدادی عملے کو ہر وقت تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






