سندھ کے سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا نیا شیڈول جاری کردیا ، جس کے تحت اب ہر ماہ کی یکم کا انتظار ختم ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ نے صوبے بھر کے ہزاروں سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کو بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے تنخواہ اور پنشن وقت سے پہلے ادا کرنے کے نئے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا، جس کا مقصد ملازمین کے لیے مالیاتی منصوبہ بندی کو مزید آسان بنانا ہے۔
اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا اب نئے ترمیمی طریقہ کار کے تحت سرکاری ملازمین کو اب ہر ماہ کی 1 تاریخ کے بجائے 25 تاریخ کو ہی ماہانہ تنخواہ ادا کر دی جائے گی اور ریٹائرڈ ملازمین کو ان کی پنشن ہر ماہ کی 26 تاریخ کو منتقل کر دی جائے گی۔
اس کے علاوہ دیگر ضمنی یا اضافی ادائیگیوں کا عمل اب ہر ماہ کی 29 تاریخ کو مکمل کیا جائے گا جبکہ جنرل پروویڈنٹ فنڈ اور دیگر بقایاجات کی ادائیگیاں ہر ماہ کی 6 سے 16 تاریخ کے درمیان اور 20 تاریخ کو پروسیس کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن میں اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ نے تمام متعلقہ سرکاری محکموں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ فنڈز کی بروقت اور بلا تعطل منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے پے رول کی تمام دستاویزات مقررہ وقت کے اندر اے جی سندھ آفس میں جمع کروائیں۔
اس فیصلے سے ملازمین کو نئے مہینے کے آغاز سے پہلے ہی رقم موصول ہو جائے گی جس سے انہیں شدید مہنگائی کے دور میں بڑی سہولت ملے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






