اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے مثب سیاست پر یقین رکھتے ہیں، تاہم کابینہ کے بعض وزراء کی سیاست اور طرزِ عمل ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کابینہ کے چند وزراء کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ وزراء وزیراعظم کی معاونت کرنے کے بجائے ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض وزراء کے بیانات اور طرزِ سیاست حکومت کی مجموعی پالیسی سے مطابقت نہیں رکھتے، جس سے حکومتی امور میں پیچیدگیاں بڑھ رہی ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ اپنی کابینہ کو مؤثر انداز میں کنٹرول کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پاس اتنا مینڈیٹ اور اتھارٹی ضرور ہونی چاہیے کہ وہ اپنے وزراء کو نظم و ضبط کا پابند بنا سکیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اگر وزیراعظم اور ان کے وزراء کی پالیسیاں اور مؤقف یکساں نہیں ہوں گے اور ہر وزیر اپنی الگ بات کرتا رہے گا تو اس سے حکومت کو درپیش چیلنجز میں کمی کے بجائے اضافہ ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومتی اتحاد اور یکسوئی ہی ملک کو سیاسی اور معاشی مشکلات سے نکالنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






