پی ٹی اے ٹیکس اب اقساط میں ادا کیا جا سکے گا

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت کی ہے کہ موبائل فونز پر عائد پی ٹی اے ٹیکس کی ادائیگی کے لیے اقساط کی سہولت متعارف کرانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ ملک میں غیر پی ٹی اے منظور شدہ موبائل فونز کی بڑی تعداد موجود ہے، اس لیے صارفین کو ٹیکس کی ادائیگی میں آسانی فراہم کرنے کے لیے قسطوں کا نظام متعارف کرایا جانا چاہیے۔

کمیٹی اراکین کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں کم قیمت اشیا بھی اقساط پر فروخت کی جاتی ہیں، لہٰذا موبائل فونز پر عائد ٹیکس کی ادائیگی کے لیے بھی یہی سہولت دی جا سکتی ہے۔

کمیٹی کے چیئرمین سید نوید قمر نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ساتھ مل کر اس تجویز پر عمل درآمد کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لے۔

اجلاس کے دوران بعض اراکین نے سوال اٹھایا کہ موجودہ ٹیکس پالیسی کا مقصد محض ریونیو میں اضافہ ہے یا مقامی موبائل فون مینوفیکچرنگ کے تحفظ کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

ایف بی آر حکام نے بتایا کہ موبائل فونز پر عائد ٹیکس حکومت کی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہیں، جبکہ سیکرٹری خزانہ نے خبردار کیا کہ کم قیمت موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی کی صورت میں قومی خزانے کو تقریباً ایک ارب روپے کے ریونیو نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کی تلافی کے لیے متبادل ذرائع تلاش کرنا ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close