الرٹ! سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں 22 جون تک لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرے سے خبردار کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں سے پتھر اور ملبہ بہہ کر نشیبی علاقوں تک پہنچ سکتا ہے، جس سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ قراقرم ہائی وے سمیت متعدد اہم شاہراہوں کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حساس قرار دیے گئے علاقوں میں جگلوٹ، اسکردو، شگر، حسینی آباد سمیت دیگر مقامات شامل ہیں۔ آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، کیل اور شاردا میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

اسی طرح چترال، کوہستان، ایبٹ آباد اور لوہار گلی کے علاقوں میں بھی خراب صورتحال پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close