دفعہ144 نافذ,نوٹیفکیشن جاری

محکمہ داخلہ نے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 17 جون سے 26 جون تک پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ العمل رہے گی۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یکم سے 10 محرم الحرام (17 جون تا 26 جون) صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ العمل رہے گی، جس کے تحت 7 مختلف قسم کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

وٹیفکیشن کے تحت صوبے میں 7 مختلف قسم کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش، اشتعال انگیز نعروں اور عوامی جذبات بھڑکانے والے اشاروں پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے اور چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا دیگر اشیاء جمع کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 9 اور 10 محرم الحرام کو ہوگا، جبکہ دیگر تمام پابندیاں یکم سے 10 محرم الحرام تک نافذ رہیں گی۔

حکم نامے کے مطابق فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت پھیلانے والے مواد اور بیانات کی تشہیر پر بھی دفعہ 144 کا اطلاق ہوگا۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو عوامی آگاہی کے لیے حکم نامے کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close