مظفرآباد : وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت پری بجٹ اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری، ترقیاتی منصوبوں، عوامی ضروریات اور مختلف شعبہ جات سے متعلق تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر میاں وحید، وزراء حکومت سردار جاوید ایوب اور چوہدری قاسم مجید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ عاطف رحمان، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عامر لطیف اور اسٹاف آفیسر صاحبزادہ یونس نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران حکومت کی ترقیاتی ترجیحات، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور دستیاب وسائل کے مؤثر اور شفاف استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ مختلف تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ آئندہ بجٹ کو عوامی توقعات اور ریاست کی ترقیاتی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت ایک متوازن، حقیقت پسندانہ اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے کے لیے کوشاں ہے، جو عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع میں اضافے اور ریاست کی پائیدار ترقی کے اہداف کو یقینی بنا سکے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجٹ سازی کے عمل میں عوامی فلاح، شفافیت، ترقیاتی ترجیحات اور وسائل کے منصفانہ استعمال کو مقدم رکھا جائے تاکہ آزاد کشمیر کے تمام علاقوں کو ترقی کے ثمرات یکساں طور پر حاصل ہوں۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے جامع، مؤثر اور حقیقت پسندانہ بجٹ سازی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






