مظفرآباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، فیصل ممتاز راٹھور نے محرم الحرام کے آغاز پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ مقدس مہینہ ایثار، قربانی، صبر، تحمل اور رواداری کا درس دیتا ہے، اس لیے امن، اتحاد اور بھائی چارے کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، جبکہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ محرم کے دوران فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ امام بارگاہوں اور عزاخانوں کے منتظمین کے ساتھ قریبی رابطہ اور مکمل تعاون کو یقینی بنایا جائے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے مقررہ راستوں پر عزاداروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں اتحاد و یگانگت کی فضا برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے راستوں پر پینے کے صاف پانی، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ عزاداران کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کریں، جبکہ علماء کرام بھی محرم الحرام کے دوران امن، برداشت، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






