مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے مزید تین سیاسی جماعتوں کو رجسٹرڈ کر لیا ہے جس کے بعد رجسٹرڈ جماعتوں کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق رجسٹرڈ ہونے والی جماعتوں میں پاکستان نظریاتی پارٹی آزاد جموں و کشمیر، پاکستان مسلم لیگ آزاد جموں و کشمیر اور تحریک جوانان پاکستان جموں و کشمیر شامل ہیں۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دستاویزات مکمل ہونے پر ان جماعتوں کی رجسٹریشن کی گئی۔ اس سے قبل رجسٹریشن کے لیے 30 مئی 2026 آخری تاریخ مقرر تھی، تاہم بعد ازاں اسے 10 جون 2026 تک بڑھا دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وہ تمام سیاسی جماعتیں جو آزاد جموں و کشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کے تحت شرائط پوری کرتی ہیں، وہ اپنی درخواستیں مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ 10 جون تک جمع کرا سکتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام قانونی تقاضے بروقت مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






