عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی بڑی کوشش ناکام!

اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کے پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے منسوب ایک بیان، جس میں ایکشن کمیٹی کے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کے سنگین نتائج کی بات کی گئی ہے، سراسر جعلی اور بے بنیاد ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی سرکاری سطح پر اس نوعیت کا کوئی اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے من گھڑت بیانات پھیلانے کا مقصد عوام، حکومت اور سیاسی جماعتوں کے درمیان غلط فہمیاں اور انتشار پیدا کرنا ہے، تاہم ایسی مذموم کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

سید عزادار حسین کاظمی نے کہا کہ یہ ایک گھناؤنی سازش ہے جس کا مقصد آل پارٹیز کانفرنس کے مقاصد کو نقصان پہنچانا اور سیاسی ماحول میں بے یقینی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ بیان یا خبر کو آگے بڑھانے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے تمام سرکاری بیانات، ٹاک شوز میں اظہارِ خیال اور ڈیجیٹل میڈیا پر گفتگو محکمہ اطلاعات (پی آئی ڈی) کے ذریعے جاری کی جاتی ہے، اس کے علاوہ کسی اور ذریعے سے جاری ہونے والی معلومات کو وزیراعظم کا مؤقف تصور نہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا مذکورہ بیان جھوٹ پر مبنی ہے، اس لیے عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے شیئر کرنے سے اجتناب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ چند مایوس عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے ریاستی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ان کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close