معرکہ حق میں نئی دہلی کو بڑا جھٹکا! صدر چوہدری لطیف اکبر کا بڑا دعویٰ

مظفرآباد (پی آئی ڈی): ایوانِ صدر مظفرآباد میں قائمقام صدر ریاست اور سینئر پارلیمنٹرین چوہدری لطیف اکبر سے ترجمان حکومت و پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اسمبلی حلقہ سات لیپہ ویلی شوکت جاوید میر اور سٹی رہنما و یوتھ کونسلر محسن رفیق کھوکھر نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وفاقی اور آزاد کشمیر حکومتوں کے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات، آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، عام انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے حکمت عملی اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں تعمیر و ترقی، روزگار کے مواقع کی فراہمی، تعلیمی پیکج کی منظوری اور شراکتِ اقتدار میں عوامی نمائندگی کے تصور کو عملی شکل دینے کے اقدامات کو سراہا گیا۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی جدید طرزِ تعمیر پر مبنی نئی عمارت میں پہلے بجٹ اجلاس کے انعقاد کو بھی ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط، خوشحال اور مستحکم جمہوری پاکستان ہی ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق “بنیان مرصوص” میں کامیابی نے پاکستان کے دفاعی عزم اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مشترکہ پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کے وقار اور نیک نامی میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستانی شناختی دستاویزات کو بین الاقوامی سطح پر عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر نے چوہدری لطیف اکبر کی آئین، قانون، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں لائن آف کنٹرول کے علاقے وادیٔ لیپہ کے دورے کی دعوت دی، جسے قائمقام صدر نے قبول کرتے ہوئے مناسب تاریخ کے تعین کی یقین دہانی کرائی۔

شوکت جاوید میر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مضبوط وفاق، ناقابلِ تسخیر دفاع، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی، ریاستی تشخص اور قومی وقار کی محافظ جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کی دور اندیش پالیسیوں نے عوامی اعتماد کو مزید مستحکم کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close