وزیراعظم آزاد کشمیر کا الیکشن جیتنے کے لیے کارکنوں کو سب سے بڑا حکم

اسلام آباد (پی آئی ڈی): آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے وزیر اطلاعات، مذہبی امور و اوقاف چوہدری محمد رفیق نئیر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی اور صدر ریاست کے کوآرڈینیٹر حنیف کھٹانہ بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومتی امور، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے جماعتی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، عوامی رابطہ مہم اور مختلف انتخابی حلقوں میں پارٹی کی سیاسی پوزیشن کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی خدمت، شفافیت اور میرٹ کی بالادستی کے اصولوں پر کاربند ہے اور محدود وسائل کے باوجود عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختصر مدت میں عوامی فلاح و بہبود، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی اور نظریاتی جماعت ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت، عوامی حقوق اور اداروں کے استحکام کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اظہارِ امید کیا کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی اپنی کارکردگی، عوامی اعتماد اور مضبوط تنظیمی ڈھانچے کی بنیاد پر نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوام سے مسلسل رابطہ برقرار رکھیں اور حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کو گھر گھر پہنچائیں۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوامی مسائل کے حل، گڈ گورننس کے فروغ اور ریاست بھر میں جاری ترقیاتی عمل کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں سے ہمکنار کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close