پاکستان کی کوششیں کامیاب، امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی

تہران: پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان ایک جامع امن معاہدے کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ عرب میڈیا اور ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق اس تاریخی معاہدے کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے، اور اگر یہ معاہدہ طے پا گیا تو اسے “اسلام آباد ڈیکلریشن” کا نام دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق نو نکاتی معاہدے کے ڈرافٹ میں ایران کے جوہری پروگرام کو شامل نہیں کیا گیا، جبکہ اس کا بنیادی محور تمام محاذوں پر فوری اور غیر مشروط جنگ بندی ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کی سویلین، فوجی اور معاشی تنصیبات کو نشانہ نہ بنانے کے پابند ہوں گے۔ اس کے ساتھ جاری فوجی کارروائیاں اور میڈیا وار مکمل طور پر بند کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

مزید یہ کہ دونوں فریق ایک دوسرے کے داخلی امور میں مداخلت نہ کرنے اور خلیج عرب، آبنائے ہرمز اور بحرِ عمان میں بحری جہازوں کی آزادانہ آمد و رفت کو یقینی بنانے پر متفق ہوئے ہیں۔

معاہدے کے بعد دونوں ممالک سات روز کے اندر دوبارہ مذاکرات شروع کریں گے، جبکہ امریکا کی جانب سے ایران پر عائد پابندیاں مرحلہ وار ختم کرنے پر بھی بات چیت شامل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close