اسلام آباد: وزارت صحت نے افریقہ میں ایبولا وائرس کے حالیہ پھیلاؤ کے پیش نظر ملک بھر کے ایئرپورٹس پر اسکریننگ کے اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں تاکہ ممکنہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے تمام ایئرپورٹس پر فوری طور پر احتیاطی اسکریننگ پروٹوکول نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ایبولا وائرس کا پھیلاؤ جمہوریہ کانگو اور یوگنڈا تک محدود ہے اور محدود سفری روابط کے باعث پاکستان کو اس سے خطرہ نہایت کم ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) پاکستان اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ٹیم صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے جبکہ تمام صوبوں اور بارڈر ہیلتھ سروسز کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں ایبولا کی تشخیص کی مکمل صلاحیت موجود ہے اور ضروری تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا چکے ہیں۔
وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ ملک یا ہمسایہ ممالک میں اب تک ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ شہریوں کو افریقی ممالک کے سفر سے قبل ہیلتھ ایڈوائزری دیکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این آئی ایچ اسلام آباد میں ایبولا ٹیسٹنگ کی سہولت موجود ہے جبکہ ریفرنس لیبارٹریز کو بھی ٹیسٹنگ کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ طبی عملے کو ممکنہ کیسز سے نمٹنے کی خصوصی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔الرٹ جاری
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






