اسلام آباد: آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی موجودہ ہفتہ وار پالیسی پر فوری نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نظام کو ختم کر کے پرانا 15 روزہ شیڈول دوبارہ بحال کیا جائے۔
اس حوالے سے ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام ایک مراسلہ بھی ارسال کیا ہے، جس میں موجودہ پالیسی سے پیدا ہونے والے مسائل اور پیچیدگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ وار قیمتوں میں تبدیلی کے باعث پٹرول پمپ مالکان کو شدید آپریشنل اور مالی عدم استحکام کا سامنا ہے، جس سے کاروباری معاملات متاثر ہو رہے ہیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ نہ صرف کاروبار کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ کھاتہ داری اور عوامی سطح پر بھی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بار بار قیمتوں کی تبدیلی سے مارکیٹ میں استحکام متاثر ہوتا ہے اور عوام کا اعتماد بھی کمزور پڑتا ہے۔
پٹرول پمپ مالکان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ پالیسی فوری طور پر ختم کر کے اسے دوبارہ 15 روزہ بنیادوں پر بحال کیا جائے تاکہ کاروباری استحکام، بہتر آپریشنل کارکردگی اور متوازن ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم اس معاملے کا فوری نوٹس لیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






