شہریوں کیلئے مشکلات بڑھ گئیں، رات بھر گیس بندش کا اعلان

کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں عارضی گیس بندش کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کی وجہ نیپا فلائی اوور کے قریب گیس پائپ لائن کی مرمت بتائی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق نیپا فلائی اوور کے قریب بی آر ٹی روٹ پر 20 انچ قطر کی ہائی پریشر گیس پائپ لائن کی لوئرنگ کا کام کیا جائے گا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی جبکہ بعض علاقوں میں گیس کا پریشر کم ہونے کا امکان ہے۔

یہ کام ٹرانس کراچی کی درخواست پر بی آر ٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت کیا جا رہا ہے۔ سوئی گیس کی ٹیم مرمتی کام 23 مئی رات 10 بجے سے اتوار صبح 5 بجے تک مکمل کرنے کی کوشش کرے گی، تاہم تکنیکی وجوہات کے باعث یہ کام صبح 8 بجے تک بھی جاری رہ سکتا ہے۔

اس دوران لیاقت نیشنل ہسپتال، آغا خان ہسپتال، کراچی سینٹرل جیل سمیت متعدد علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔ سائٹ انڈسٹریل ایریا میں گیس کا کم پریشر متوقع ہے جبکہ گلشن اقبال، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، لائنز ایریا، پی ایچ ایس سوسائٹی، صدر، کھارادر، لیاری اور گارڈن سمیت اطراف کے علاقے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا ہے کہ مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی بحال کر دی جائے گی اور صارفین کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت بھی کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close