بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ آج موسم کیسا ہوگا ؟پاکستانیوں کیلئےاہم خبر آگئی

پاکستان کے مختلف علاقوں میں آج موسم شدید گرم رہا، جبکہ کئی شہروں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بلند ریکارڈ کیا گیا۔ دادو میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جیکب آباد میں 48 ڈگری جبکہ شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ اور موئن جو دڑو میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ شب اور اتوار کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم اور مقامی طور پر بارش کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ رات کے اوقات میں بعض علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔ بارش کے امکانات تقریباً 30 فیصد تک بتائے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم بالائی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں اپر دیر، سوات، ایبٹ آباد، مالم جبہ، کوہستان، باجوڑ، کالام اور چترال شامل ہیں۔

پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات، اٹک، راولپنڈی اور گردونواح میں شام اور رات کے وقت جزوی ابر آلود موسم، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وسطی اور جنوبی پنجاب میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے۔

بلوچستان میں بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرمی رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے بیشتر حصوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ بالائی علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close