اسلام آباد: سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترکیہ کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے ترک فضائیہ اور دفاعی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران ائیر چیف نے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل ضیا کمال کادی اوغلو، ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاسر گلیر اور بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بیرکتر سے ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون، ایرو اسپیس میں جدت اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ترک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے۔
دونوں فضائی سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ فضائی تعاون کو مضبوط بنانے پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس موقع پر مشترکہ فوجی مشقوں، پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز اور تبادلہ جاتی تربیت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ترک فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی جانب سے ترک پائلٹس کی تربیت میں تعاون کو سراہتے ہوئے اسے دونوں افواج کے درمیان پیشہ ورانہ مہارت کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
بعد ازاں ائیر چیف نے ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع سے ملاقات کی جس میں دفاعی تعلقات، عسکری تعاون اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ تعلقات اسلامی اخوت، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔
دورے کے دوران بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سے ملاقات میں بغیر پائلٹ فضائی نظام اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی میں تعاون پر بھی غور کیا گیا۔
یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی، تکنیکی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






