بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے بچے کے لیے 5000 روپے حاصل کرنے کا طریقہ کار، جانئے

بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام’ کے تحت بچے کیلئے 5 ہزار روپے تک وظیفہ حاصل کرنے کی رجسٹریشن کا طریقہ کار سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے ملک بھر میں اسکولوں میں بچوں کے داخلے بڑھانے اور غریب خاندانوں کے بچوں کو تعلیم سے جوڑے رکھنے کے لیے ‘بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام’ کے تحت سہ ماہی تعلیمی وظائف جاری کرنے کی تفصیلات اور طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔

یہ وظائف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کفالت پروگرام کی سرگرم مستحق خواتین کے بچوں کو دیے جا رہے ہیں۔

پروگرام کے لیے کون اہل ہے؟

بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے درج ذیل شرائط کا پورا ہونا لازمی ہے

والدہ کی اہلیت: بچے کی ماں کا بی آئی ایس پی کفالت پروگرام کی رجسٹرڈ اور فعال مستحق ہونا ضروری ہے۔

بچے کے پاس نادرا کا جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ ب فارم (B-Form/CRC) ہونا لازمی ہے۔

بچے کی عمر تعلیمی سطح کے مطابق مقررہ حد میں ہونی چاہیے، پرائمری کے لئے 4 سے 12 سال ، سیکنڈری کے لئے 8 سے 18 سال اور ہائر سیکنڈری کے لیے 13 سے 22 سال ہونی چایئے۔

رجسٹریشن کرانے کا آسان طریقہ

والدین یا سرپرست اپنے بچوں کو وظیفے کے لیے ان 5 آسان مراحل کے ذریعے رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں۔

مرحلہ 1: بچے کو ساتھ لے کر قریبی بی آئی ایس پی (BISP) کے فیلڈ آفس جائیں۔

مرحلہ 2: وہاں بچے کا نادرا ب فارم اور بی آئی ایس پی میں پہلے سے رجسٹرڈ موبائل نمبر فراہم کریں۔

مرحلہ 3: بی آئی ایس پی کا عملہ رجسٹریشن کے بعد آپ کو ایک انرولمنٹ سلپ (Enrollment Slip) جاری کرے گا۔

مرحلہ 4: اس سلپ کو بچے کے اسکول یا کالج لے جائیں اور وہاں کے ہیڈ ٹیچر یا کلاس ٹیچر سے اس پر اسکول کا نام، کلاس، سیکشن اور تصدیقی مہر (اسٹیمپ) لگوائیں۔

مرحلہ 5: اس تصدیق شدہ سلپ کو دوبارہ بی آئی ایس پی کے دفتر میں جمع کروا دیں، جس کی جانچ پڑتال کے بعد وظیفہ جاری کر دیا جائے گا۔

لازمی دستاویزات

رجسٹریشن کے وقت والدہ کا شناختی کارڈ ، بچے کا نادرا سے جاری کردہ ب فارم اور سکول یا کالج کی تصدیق شدہ داخلہ ساتھ لانا ضروری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بچے کے ب فارم کی نادرا ڈیٹا بیس سے تصدیق لازمی ہوگی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ وظیفے کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے بچے کی اسکول یا کالج میں کم از کم 70 فیصد حاضری ہونا لازمی ہے، حاضری کا معیار پورا نہ کرنے والے طلبہ کا وظیفہ روک دیا جائے گا۔

تعلیمی وظائف کی رقم

حکومت کی جانب سے لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے مختلف سہ ماہی وظائف مقرر کیے گئے ہیں۔

تعلیمی سطح لڑکے لڑکیاں

جماعت 1 تا 5 2500 روپے 3000 روپے

جماعت 6 تا 10 3500 روپے 4000 روپے

جماعت 11 تا 12 4500 روپے 5000 روپے

طالبات کیلئے خصوصی بونس

پروگرام کے تحت پرائمری تعلیم مکمل کرنے والی طالبات کو اضافی طور پر 3 ہزار روپے کا گریجویشن بونس بھی دیا جاتا ہے تاکہ لڑکیوں کو تعلیم جاری رکھنے کی ترغیب دی جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close