تہران: پاک فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، جہاں تہران ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنے دورہ ایران کے دوران ایرانی قیادت اور اہم اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، ایران امریکا مذاکرات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں اور اسی تناظر میں حالیہ دنوں میں پاکستانی حکام کے تہران رابطے اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی گزشتہ چند روز سے ایران میں موجود ہیں اور انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور اہم سفارتی معاملات زیر بحث آئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






