دہشت گردی کے خلاف پوری قوم فورسز کے ساتھ کھڑی ہے! وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 71 سے زائد دہشتگردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو کلیئر کرکے مقامی آبادی کو دہشتگردی کے خطرے سے نجات دلائی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کی سرزمین سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہمارا عزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔