سگریٹ لے جانے پر سخت پابندیاں عائد

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ نے فضائی میزبانوں پر فلائنگ ڈیوٹی کے دوران سگریٹ لے جانے پر نئی پابندی عائد کرتے ہوئے خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی تنبیہ کردی ہے۔

پی آئی اے کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق فضائی میزبانوں کو دوران فلائنگ ڈیوٹی صرف ایک سگریٹ پیکٹ لے جانے کی اجازت ہوگی۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ایک فضائی میزبان دوران سفر صرف 20 سگریٹ لے جا سکتا ہے۔ ایک پیکٹ یا 20 سگریٹ سے زیادہ لے جانے پر فضائی میزبانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

پی آئی اے اعلامیے کے مطابق خلاف ورزی پر فضائی میزبانوں کو معطل کیا جا سکتا ہے اور فلائنگ سے ہٹایا بھی جا سکتا ہے۔

انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کو جہاز پر روانگی سے قبل بریفنگ میں بھی آگاہی دینے کی ہدایت کردی ہے اور کہا ہے کہ نئی ہدایت پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

چند روز قبل ملتان سے جدہ جانے والی پرواز کے 5 فضائی میزبانوں سے بڑی تعداد میں سگریٹ کے پیکٹس ملے تھے۔ اس معاملے پر پانچوں فضائی میزبانوں کے خلاف پی آئی اے کے ایچ آر شعبے میں تحقیقات جاری ہیں۔