اسلام آباد پر چڑھائی کا نتیجہ زیرو نکلے گا! فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو مارچ ختم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں امن کے لیے سب کا مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ خیبرپختونخوا کسی احتجاج یا مارچ کا متحمل نہیں ہوسکتا، اسلام آباد چڑھائی کا نتیجہ صفر ہوگا، مارچ کی تاریخ بھی دوبارہ تبدیل ہوگی اور یہ تاریخ پر تاریخ والا معاملہ ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبہ اس وقت دہشتگردی کا شکار ہے، روزانہ لاشیں اٹھائی جارہی ہیں اور ایسے حالات میں اسلام آباد پر چڑھائی مناسب نہیں۔

انہوں نے سہیل آفریدی کو مشورہ دیا کہ مارچ ختم کر دیں، کیونکہ خیبرپختونخوا کسی احتجاج یا مارچ کا متحمل نہیں ہوسکتا اور اسلام آباد چڑھائی کا نتیجہ صفر ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران کئی مرتبہ صوبے میں گورنر راج لگانے کی بات ہوئی، مارچ کی تاریخ بھی دوبارہ تبدیل ہوگی اور یہ تاریخ پر تاریخ والا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت خود ساختہ روپوشی اختیار کرکے گرفتاری دے رہی ہے، جبکہ امن و امان کی صورتحال وفاق اور صوبے دونوں کی ذمہ داری ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے کے مفاد کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور تمام سیاسی جماعتوں کو قیام امن کے لیے متحد ہونا چاہیے۔ سب مل بیٹھ کر کام کریں گے تو صوبے میں امن قائم ہوسکتا ہے اور اس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں۔ فوج، شہریوں اور سکیورٹی اداروں پر حملے ہوتے ہیں تو قرارداد نہیں آتی، جبکہ افغانستان دہشتگردوں کی سہولت کاری کررہا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے مفاد کے لیے وزیراعظم سے ملاقات کرکے انہیں پشاور آنے کی دعوت دی ہے اور وزیراعظم سے امن و امان سے متعلق اجلاس پشاور میں بلانے کا بھی کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی جارہے ہیں یا کوئی اور آرہا ہے، ان کے پارٹی ترجمان ہی بتا سکتے ہیں۔ اگر کسی کا استعفیٰ آیا تو اسے منظور کرلوں گا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے کے امن اور خوشحالی کے لیے بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں، جبکہ صوبے کے مفاد میں احتجاج موخر کیا جانا چاہیے۔