کراچی دنیا کے بڑے شہروں کا مقابلہ کرے گا، بلاول بھٹو

کراچی:   پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی اور عوامی خدمت پی پی پی کی سیاست کا مرکز رہی ہے اور شہر میں جتنے بڑے منصوبے مکمل ہوئے، وہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہوئے۔ کراچی میں شاہراہ بھٹو کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ جب سے سیاست میں آئے ہیں، عوام کیلئے کام کرنا ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ان کا اپنا شہر ہے اور جب بھی کسی ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کرتے ہیں تو انہیں خوشی محسوس ہوتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ 2008 سے اب تک کراچی میں جتنے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ اسٹیل مل، پورٹ منصوبہ اور شاہراہ فیصل جیسے بڑے منصوبے بھی پیپلز پارٹی کے ادوار میں بنے جبکہ عوام کو مفت علاج کی سہولت بھی پیپلز پارٹی حکومت نے فراہم کی۔ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے این آئی سی وی ڈی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج یہ ادارہ پورے ملک کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جبکہ اٹھارویں ترمیم سے قبل اس کی صورتحال مختلف تھی انہوں نے مزید کہا کہ وہ سیاست میں شہید بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کرنے کیلئے آئے ہیں۔ ان کے مطابق ملیر ایکسپریس وے اور شاہراہ بھٹو جیسے منصوبے محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب تھے جنہیں آج عملی شکل دی جا رہی ہے۔ بلاول نے کہا کہ سندھ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل میں ملک کی قیادت کر رہی ہے اور اب کراچی کے ساحل پر عالمی معیار کے کورنیش اور ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ شہر دنیا کے بڑے شہروں کا مقابلہ کر سکے جبکہ سندھ انٹرنیشنل فنانس سینٹر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اسی ماڈل پر ترقی کی اور کراچی بھی عالمی معاشی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا کہ کیٹی بندر پورٹ پاکستان کا پہلا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پورٹ ہوگا، جس سے ٹھٹھہ، سجاول اور بدین سمیت ساحلی علاقوں کی تقدیر بدل جائے گی انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی دفاعی مصنوعات کی عالمی سطح پر مانگ بڑھ رہی ہے اور کراچی مستقبل میں میڈ اِن پاکستان ڈیفنس پروڈکشن کا اہم مرکز بن سکتا ہے۔ اس سے پہلے بلاول بھٹو زرداری کاٹھوڑ پہنچے تو پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بھاری تعداد ان کے استقبال کے لئے جمع تھی، ان کا جئے بھٹو کے پرجوش نعروں سے استقبال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے شاہراہ بھٹو کا افتتاح کیا اور شاہراہ بھٹو فیز 2 کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ قیوم آباد سے بندر گاہ تک 16 کلومیٹر روڈ تعمیر ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیر اعلی مراد علی شاہ، کراچی کے مئیر مرتضی وہاب اور پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما موجود رہے۔ سٹیج پر عارف حبیب اویس قادر شاہ مرتضی وہاب کے ساتھ نثار کھوڑو قائم علی شاہ شرجیل میمن ناصر حسین شاہ وقار مہدی بھی موجود رہے۔ اس تقریب کی موڈریشن سینئیر لیڈر سعید غنی خود کر رہے تھے۔ اس تقریب میں شرکت کے لئے آتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو نے ڈملوٹی ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس ادا کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شاہراہ بھٹو کا قائد آباد سے کاٹھوڑ تک کے سیگمینٹ افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا، شاہراہ بھٹو کا شمار پاکستان کے بہترین ہائی ویز میں ہو گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قیوم آباد تا کراچی پورٹ تک ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھا اور اس کے بعد افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پنڈال میں پہنچ گئے ۔ چیئرمین بلاول بھٹو کا جیئے بھٹو ، جیئے بلاول بھٹو کے نعروں سے استقبال کیا گیا۔ اپنے خطاب کے دوران کراچی کی ترقی پر بات کرنے کے ساتھ بلاول بھٹو نے ملکی اور بین الاقوامی حالات پر بھی بات کی۔ عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایران جنگ اور عالمی کشیدگی کے اثرات غریب عوام برداشت کر رہے ہیں، جبکہ بجلی کے بلوں سمیت مہنگائی میں اضافہ جنگی حالات کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے جنگ بندی کی کوششوں کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ ختم نہ ہوئی تو معاشی بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close