*پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر افغان سفیر دفتر خارجہ طلب*
پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر افغان سفیر سردار شکیب کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 23 ستمبر کو افغان طالبان رجیم کی جانب سے 8 ڈرونز کوہاٹ اور طورخم سے ملحقہ علاقوں میں بھیجے گئے تھے۔ پاک فوج کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے تمام ڈرونز مار گرائے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 4 ڈرون طورخم اور 4 کوہاٹ سے متصل پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے۔ یہ کارروائی افغان رجیم کی دہشت گردوں کی معاونت کا ثبوت ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے نورستان میں تشدد کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ وزارت اطلاعات نے کہا کہ سابق افغان اہلکاروں کو بھرتی کرنے یا داعش کو سہولت دینے کے الزامات میں کوئی ثبوت نہیں، ویڈیو میں چند غیر مسلح افراد دکھائے گئے ہیں۔
وزارت کے مطابق طالبان حکومت کے الزامات داخلی اختلافات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ یاد رہے حالیہ دنوں افغانستان فریڈم فرنٹ نے نورستان اور کنڑ میں 17 طالبان کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔






