مظفرآباد: فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ خواتین کو ان کا جائز مقام دیا اور قومی سیاست میں باوقار نمائندگی فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، جو خواتین کی سیاسی جدوجہد، جمہوری سوچ اور عوامی خدمت کی روشن مثال ہیں۔
یہ بات انہوں نے اعزازی کوآرڈینیٹر ہمراہ وزیراعظم نسیم میر کی قیادت میں ملنے والے خواتین وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد نے نسیم میر کی تعیناتی پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور قومی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی کامیابیاں نئی نسل کیلئے حوصلہ اور رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت خواتین کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی شعور کی بیداری اور جمہوری اقدار کے فروغ میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






