سماہنی (پی آئی ڈی) 10 مئی 2026ء:
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے تحصیل بار ایسوسی ایشن سماہنی کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لے لیا۔ وزیراعظم نے سماہنی بار ایسوسی ایشن کی لائبریری کے لیے 17 لاکھ روپے جبکہ سماہنی جوڈیشل کمپلیکس کے لیے اراضی فراہم کرنے کا اعلان کیا۔تقریب میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس، وزیر اطلاعات و مذہبی امور چوہدری محمد رفیق نیئر، وزیر زراعت و لائیو سٹاک چوہدری علی شان سونی، وزیر برائے کشمیر کاز و آرٹس محترمہ نبیلہ ایوب، ایڈووکیٹ جنرل راجہ محمد ندیم خان اور ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال، صدر بار ایسوسی ایشن سماہنی جاوید اقبال سمیت دیگر عہدیداران و ممبران، وکلاء، سیاسی و سماجی شخصیات اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق یومِ فتح پر پوری قوم اپنی بہادر افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے، ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ جرات، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت کی روشن مثال قائم کرتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ وکلاء معاشرے کا وہ باوقار طبقہ ہیں جو انصاف کی فراہمی، دکھی انسانیت کی خدمت اور عوامی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ بار ایسوسی ایشنز انصاف کے نظام کی مضبوطی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، حکومت وکلاء برادری کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں عوامی اعتماد کھو چکی تھیں اور ریاست میں بے یقینی اور انتشار کا ماحول پیدا ہو چکا تھا، موجودہ حکومت نے مختصر عرصہ میں نہ صرف عوامی اعتماد بحال کیا بلکہ ریاستی وقار کو بھی نئی مضبوطی دی۔ انہوں نے کہا کہ آج عوام جس محبت اور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں وہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وزیراعظم ہاؤس اور سیکرٹریٹ کے دروازے عام آدمی کے لیے کھولے جبکہ ریاست بھر میں تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ وزیراعظم نے تعلیمی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ تعلیمی پیکج ماضی کے تمام پیکجز سے منفرد ہے، جس کے تحت نئے تعلیمی ادارے قائم کیے گئے، اساتذہ کی آسامیوں کو اپ گریڈ کیا گیا اور تعلیمی اداروں کی بنیادی ضروریات پوری کی گئیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوامی خدمت، انصاف کی فراہمی اور تعمیر و ترقی کے سفر کو مزید تیز کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






