جو پیپلز پارٹی چھوڑتے ہیں وہ سیاست سے مٹ جاتے ہیں وزیراعظم آزاد کشمیر

سماہنی (پی آئی ڈی)10مئی2026
وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتازراٹھور کے دورہ سماہنی کے دوران حلقہ سماہنی کی معروف سیاسی و سماجی اور مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما میجر ریٹائرڈ خضرالرحمان اور راجہ محمدایوب نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیارکر لی اور وزیر اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔انھوں نے یہ اعلان وزیر اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے دورہ سماہنی کے دوران تندڑ کے مقام پر بہت بڑے استقبالی جلسہ میں کیا۔جلسہ کی صدارت پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے کی۔جلسہ سے پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین، وزیر حکومت چوہدری علی شان سونی،سابق امیدوار اسمبلی میجر ریٹائرڈ خضر الرحمان،راجہ محمد ایوب نے خطاب کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما پروفیسر راجہ فیاض نے سرانجام دیے۔جلسہ میں وزیر اطلاعات و مذہبی امور اوقاف رفیق نیئر،وزیر برائے کشمیر کاز،آرٹس ماحولیات محترمہ نبیلہ ایوب،مشیر حکومت راجہ خوشنود اعظم،سابق مشیر راجہ نیاز احمد،پروفیسر دانش معروف اور اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔قبل ازیں وزیر اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور جب میجر ریٹائرڈ خضر الرحمان کے گھر تندڑ پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ان پر گل پاشی کی گئی۔میجر ریٹائرڈ خضر الرحمان نے جلسہ میں اپنی 26سالہ سیاسی سفر کو مسلم لیگ(ن)سے چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تو پارٹی کارکنان نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور مبارکباد دی۔
وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہید وں کی جماعت ہے جس میں کوئی قبیلہ نہیں ہے پیپلزپارٹی میں ورکرز کوآگے جانے کا موقع ملتا ہے ہم پر الزام ہے کہ ہم عام کارکن کوسیاست میں شناخت دیتے ہیں جو لوگ نظریے اورعقیدے کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں انکو سیاست میں موقع ملناچاہیے۔پیپلزپارٹی نے عام ورکرکو صدر وزیراعظم سمیت بڑے عہدوں سے نوازاہے ہم نے اقتدار مشکل حالات میں سنبھالا،یہ حکومت نہیں بلکہ ایک ذمہ داری تھی جس پر ہم نے لوگوں کااعتماد بحال کیا،سڑکوں پر حل ہونے والے مسائل ایوان میں حل ہونا شروع ہوئے ریاست میں سیاست کو زندہ کیا۔آزادکشمیر کا سب سے بڑا تعلیمی پیکج دیا اور سڑکوں کا جال بچھا کر آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا۔انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو،شہید رانی محترمہ بے نظیربھٹو کی خدمات کوسلام پیش کرتے ہیں۔پیپلزپارٹی کی صرف چند ماہ کی حکومت نے عوام کا اعتماد بحال کیاہے۔پیپلزپارٹی کی حکومت جماعتی سیاست کے ذریعہ عوام کی خدمت کررہی ہے۔ریاست کے اندر عوام کی ووٹ کی طاقت سے ا ٓئندہ بھی پیپلز پارٹی کی حکومت نئے سرے سے آئے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ دیگر جماعتوں نے ابھی الیکشن مہم کا آغاز ہی نہیں کیا اور پیپلزپارٹی الیکشن مہم کے اختتام تک جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نجومی نہیں لیکن ریاست کے حالات بتا رہے ہیں کہ آئندہ پیپلزپارٹی دوبارہ بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر جاتے ہیں وہ رسوا ہوجاتے ہیں اور انکا سیاست سے نام و نشان مٹ جاتاہے انہوں نے کہاکہ الیکشن شیڈول سے پہلے حلقہ سماہنی کے جتنے مسائل ہیں انکے حل کے لئے بجٹ میں رقم رکھیں گے اور سماہنی حلقہ کی محرومیاں دور کریں گے۔
جلسہ سے پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمدیاسین نے ن لیگ کے راہنما میجر ریٹائرڈ خضر الرحمان کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کا اعتماد پاکستان پیپلزپارٹی پر مسلسل بڑھ رہا ہے۔انہوں نے میجر ریٹائرڈ خضر الرحمان کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط اور فعال ہوگی۔ چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور آئندہ حکومت بھی پیپلزپارٹی کی ہوگی کیونکہ عوام اب خدمت، دیانت اور عملی سیاست کو ترجیح دے رہے ہیں۔
اس موقع پر میجر ریٹائرڈ خضر الرحمان نے کہا کہ انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کی عوام دوست پالیسیوں اور چوہدری محمد یاسین کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی منشور کے مطابق عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔تقریب کے دوران پارٹی کارکنوں نے نئے شامل ہونے والے راہنما کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کو بھرپور کامیابی دلانے کے لیے متحد ہو کر کام کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close