دشمن کی ہر سازش ناکام، افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین

راولپنڈی(پی آئی ڈی) 10 مئی 2026
معرکۂ حق / بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر چکری روڈ دھمیال میں کشمیری کمیونٹی کی جانب سے عظیم الشان کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کئی افراد نے پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔تقریب میں وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان، سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس، وزیر حکومت محترمہ نبیلہ ایوب، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین، سابق پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید، سابق پولیٹیکل سیکرٹری سردار شبریز صابر، پیپلز پارٹی سدھنوتی کے صدر سردار منظور، سیکرٹری جنرل سردار جمیل، پیپلز پارٹی ضلع پونچھ کے صدر سردار حافظ صغیر، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، حلقہ پاچھیوٹ سے سابق ٹکٹ ہولڈر سردارزاہد شریف، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر دلاور بخاری، پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سردار گلنواز خالق ایڈووکیٹ، سیکر ٹری ریکارڈ عبدالشکور صدیق سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداران اور راولپنڈی و اسلام آباد میں مقیم کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔حلقہ پونچھ سدھنوتی سے سردار نسیم سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، جبکہ سابق چیئرمین ریڈ کریسنٹ آزاد کشمیر پونچھ حلقہ نمبر 5 سے سردار ضیافت حیات نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر حلقہ بلوچ و دیگر حلقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کو خیر آباد کہہ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی جنہیں قائدین نے پارٹی مفلر پہنا کر خوش آمدید کہا۔تقریب کے میزبان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر اور حلقہ بلوچ سے پارٹی کے امیدوار سردار عنایت اللہ عارف تھے ۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی نے پوری دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان اپنے دفاع، نظریے اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتیں۔ آج عالمی سطح پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت اور افواجِ پاکستان کی عسکری مہارت اور بہترین دفاعی حکمتِ عملی کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔ ہماری بہادر افواج نے دلیری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا دیا۔ پوری قوم اپنے عظیم شہداء، غازیوں اور بہادر جوانوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ اپنے لازوال رشتے کو ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان کے پرچم کو اپنی امیدوں اور امنگوں کی علامت سمجھا ہے اور ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ظلم و جبر، انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اور کشمیری عوام کو دبانے کی کوششیں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گی۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے۔ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت عوامی خدمت، میرٹ، شفافیت اور ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کو پیپلز پارٹی کی قیادت اور پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آزاد کشمیر کو ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار ریاست بنایا جائے جہاں عوام کو بہتر سہولیات اور ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں۔سابق صدر و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی پوری قوم کے اتحاد، جذبہ ایمانی اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔ پاکستان کی بہادر افواج نے جس جرات اور حکمت عملی کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے کو دل و جان سے عزیز رکھتے ہیں اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ محض جغرافیائی نہیں بلکہ ایمان، نظریے اور مشترکہ جدوجہد کا رشتہ ہے جسے کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم دن بدن بڑھ رہے ہیں لیکن کشمیری عوام کا حوصلہ اور آزادی کی جدوجہد کمزور نہیں ہوئی۔ کشمیری عوام نے بے شمار قربانیاں دے کر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے حق خودارادیت سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کی ہے اور مستقبل میں بھی کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے پارٹی میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط اور فعال ہوگی۔سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور خودمختار ریاست ہے جس کے دفاع کے لیے افواج پاکستان ہر وقت تیار ہیں۔ دشمن نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کیں مگر ہماری بہادر افواج اور باہمت قوم نے ہر محاذ پر ان سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، قیادت اور قومی جذبہ پوری دنیا میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔ آج پوری قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے جن کی قربانیوں کی بدولت پاکستان مضبوط اور محفوظ ہے۔سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کشمیر کے عوام کی پاکستان سے محبت لازوال ہے اور کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلق کو ایمان کا حصہ سمجھا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی ظلم و جبر کے باوجود اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزادی کی منزل حاصل کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا اصل مقصد عوام کی خدمت اور ریاست کی ترقی ہونا چاہیے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے سیاسی عمل مزید مضبوط ہوگا اور عوامی مسائل کے حل میں بھی مدد ملے گی۔وزیر حکومت محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا کہ معرکۂ حق نے پوری قوم کو اتحاد، حوصلے اور قربانی کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی معرکے میں پاکستان کی مسلح افواج نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق کی سالگرہ ہمیں اس عزم کی تجدید کا پیغام دیتی ہے کہ ہم ملکی سلامتی، قومی یکجہتی اور کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے لیے متحد رہیں گے۔وزیر حکومت محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کا بنیادی مشن ہے اور حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے معرکہ حق کی کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت اور جمہوریت کے استحکام کے لیے پیپلز پارٹی کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔ مقررین نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔تقریب کے اختتام پر شہداء کشمیر و پاک فوج کے درجات کی بلندی ،مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سالمیت اور ترقی کیلیے خصوصی دعا کی گئی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close