مظفرآباد(پی آئی ڈی)08مئی2026
معرکہ حق بنیان مرصوص میں پاکستان کی بے مثال کامیابی کے ایک سال پورے ہونے پر آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے زیراہتمام 10 مئی 2026ء کو آزاد کشمیر بھر میں افواج پاکستان ، اداروں اور سویلین افراد کو ہدیہ سپاس پیش کرنے کیلئے تقریبات کا انعقاد کیاجائیگا۔دن کا آغاز مساجد میں فجر کی نماز کے بعد دعائے شکر اور شہداء کے ایصال ثواب و بلندی درجات کے لیے خصوصی دعاوؤں سے ہوگا۔ یادگار شہداء چھتر چوک مظفرآباد میں صدر گرامی اور جنرل آفیسر کمانڈنگ پھولوں کی چادر چڑھائیں گے ۔ معرکہ حق کی سالگرہ کے موقع پر نڑول اسٹیڈیم مظفرآباد میں شاندار نمائش کا انعقاد کیاجائیگا جس میں پاک آرمی اور حکومتی محکمہ جات کی جانب سے اسٹالز لگائے جائیں گے ۔ پاکستان کی بہادر افواج نے مورخہ 10 اور 11 مئی 2025ء کی درمیانی شب نہایت بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی میزائل حملوں کے جواب میں آپریشن “بنیان مرصوص” کر کے ہندوستانی افواج کے ٹھکانوں پر کامیاب حملے کیے اور دشمن کی فوج کو جھکنے پر مجبور کر دیا۔ پاک افواج نے بھر پور کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ پاکستان کے زندہ دل عوام افواج پاکستان کی پشت پر موجود رہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






