اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف میں ملازمت کرنا ایک عالمی نیٹ ورک کا حصہ بننے کے مترادف ہے، اس وقت 15 ہزار سے زائد افراد مختلف ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے نوجوانوں کو عالمی ادارے یونیسیف میں ملازمت کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پلیٹ فارم پیشہ ورانہ ترقی کے ساتھ انسانیت کی خدمت کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔
جاری کردہ آگاہی مہم کے مطابق یونیسیف دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں سرگرم عمل ہے اور اس کے نیٹ ورک میں 15 ہزار سے زائد ملازمین شامل ہیں، جبکہ 85 فیصد اسٹاف فیلڈ میں خدمات انجام دے رہا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یونیسیف میں ملازمت کے خواہشمند افراد کیلئے مختلف شعبہ جات دستیاب ہیں جن میں بچوں کے تحفظ، تعلیم، غذائیت، ہنگامی حالات، آئی ٹی، سپلائی اور لاجسٹکس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ انٹرن شپ پروگرامز اور مختلف پروفیشنل کیٹیگریز جیسے انٹرنیشنل پروفیشنل، نیشنل آفیسر اور جنرل سروس بھی موجود ہیں۔
ملازمت کے معاہدے بھی مختلف نوعیت کے ہوتے ہیں، کچھ نوکریاں عارضی یا مختصر مدت کیلئے ہوتی ہیں، جبکہ کچھ ایک سے دو سال کے فکسڈ کنٹریکٹ پر دی جاتی ہیں۔
اہلیت کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امیدواروں کیلئے متعلقہ شعبے میں تعلیمی قابلیت، 1 سے 10 سال تک کا تجربہ اور انگریزی سمیت دیگر اقوام متحدہ کی زبانوں پر عبور ہونا ضروری ہے۔
بیورو نے بتایا کہ نوجوان یونیسیف کے ساتھ رضاکارانہ خدمات کے ذریعے بھی منسلک ہو سکتے ہیں، جس سے انہیں عالمی سطح پر تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ خواہشمند افراد موجودہ آسامیوں کی تفصیلات کیلیے (https://jobs.unicef.org/en-us/listing/) پر وزٹ کریں۔
اعلامیے میں امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دستیاب اسامیوں کی مکمل تفصیلات اور درخواست کے طریقہ کار کیلئے متعلقہ ویب سائٹس سے رجوع کریں اور مستند معلومات کی بنیاد پر ہی اپلائی کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





