ایک جلسہ، کئی بڑے سرپرائز! فیصل ممتاز راٹھور نے سب کچھ بدل دیا

میرپور (پی آئی ڈی) 03 مئی 2026
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ وزیر حکومت چوہدری ارشد حسین اور کھڑی کے عوام کے مطالبہ پر کھڑی شریف چیچیاں کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کرتا ہوں، جاتلاں چوکی کو اپگریڈ کرنے، گرلز ڈگری کالج کی اپ گریڈیشن اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کو آئندہ بجٹ میں شامل کرنے کا اعلان کرتاہوں، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں اقدامات کیے جا رہے ہیں، ایجوکیشن اور ہیلتھ پیکجز دے کر مفاد عامہ کو تحفظ فراہم کیا ہے،مسلم لیگ (ن) کی قیادت صرف وزیر اعظم کے قلمدان کے لیے ایک دوسرے سے الجھ رہی  ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد میں مصروف عمل ہے، حکومت نے مختصر عرصے میں تعمیر و ترقی کے بڑے پروجیکٹس پر کام شروع کردیا ہے، ریاست بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔پیپلزپارٹی نے ابھی الیکشن کمپئین کا آغاز ہی نہیں تو مخالفین کی چیخیں نکلنا شروع ہوگئیں جو کہتے تھے ہم ہوائی اعلان کررہے ہیں آج وہی شور کررہے ہیں کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے تعمیر ترقی کا جال بچھا دیا۔ وہ ذہنی طور پر اپنی شکست تسلیم کرچکے ہیں، ہم جا نہیں رہے ایک ولولے کے تحت دوبارہ آ رہے ہیں۔ ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کے لئے کوئی لمحہ ضائع نہیں کیا جائے گا،ہم خاندانوں کی ترجمانی نہیں کرتے بلکہ عوامی سوچوں کے ترجمان ہیں، ریاست میں جتنے بھی تعمیر وترقی کے کام ہوئے وہ پیپلزپارٹی کے ادوار میں ہوئے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے میرپور کے علاقے کھڑی میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب میں کیا جلسہ کی صدارت صدر پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری محمد یاسین نے کی۔ جلسہ سے  وزراء حکومت چوہدری ارشد حسین، چوہدری یاسر سلطان، چوہدری محمد اخلاق، چوہدری علی شان شان سونی، مشیر حکومت سردار فہد یعقوب، امیدوار اسمبلی چوہدری صہیب ارشد،ڈاکر معروف نے خطاب کیا۔اس موقع پر ڈی جی پولیٹیکل آفئیرز عامر ذیشان جرال، معاون خصوصی برائے وزیر اعظم سید اعزادار شاہ، ڈسٹرکٹ کونسلرز، کونسلرز،سیاسی و سماجی شخصیات عوام، سول سوسائٹی، پی ایس ایف، پی وائی او کے سینکڑوں افراد موجود تھے، قبل ازیں وزیراعظم آزادکشمیر کا کھڑی پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیا گیا، جلسہ گاہ پہنچنے پر وزیراعظم آزاد کشمیر پر گل پاشی کی گئی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کو زبردست نعرے بازی میں پنڈال لایا گیا، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ کھڑی سے عوام چوہدری صہیب کو کامیاب بنا کر اسمبلی پہنچائیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت 2026 کے انتخابات کے بعد نمایاں طور پر سامنے آئے گی، گزشتہ اتحادی حکومت کو وزرا کو قلمدان تفویض کرنے میں سات ماہ لگے، جبکہ موجودہ حکومت نے صرف پانچ ماہ میں ترقی کا پہیہ چلا دیا۔انہوں نے کہا کہ ابھی حکومت نے مکمل طور پر فیلڈ میں کام شروع بھی نہیں کیا کہ مخالفین پریشان ہو گئے ہیں، یہ عمل مخالفین کی ذہنی طور پر قبل از انتخابات شکست تسلیم کرنے کی علامت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر مجموعی سطح پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مختلف ادوار کی کارگردگی دیکھی جائے تو پیپلز پارٹی کے ادوار میں میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں آیا، ترقی کی راہیں کھلیں، انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے کام ہوئے، سڑکات اور تعلیمی اداروں، صحت اور عوامی سہولت کے منصوبوں کو فوقیت ملی، موجودہ حکومت نے چھ ماہ کے اندر دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر عوامی مسائل کے حل کی کوشش کی ہے، ریاست میں ترقیاتی پروجیکٹس لاکر نقشہ بدلنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شفاف انتخابات کی حامی ہے، انشاء اللہ شفاف انتخابات کے ذریعے ایک بار پھر جیت ہمارا مقدر بنے گی اور ہم نظام میں ایک مضبوط سیاسی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکی ہے، عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ والد مرحوم اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ درینہ تعلق مجھے ورثہ میں ملا ہے جو آئندہ نسلوں تک قائم رہے گا، یہ تعلق روشن مستقبل کی سمت کا تعین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مشکل اور نامساعد حالات میں حکومت ملی افراتفری کا دور تھا ہم نے چیلنج سمجھ کر کے اقتدار قبول کیا اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ بحال کیا پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریہ اور فکر کا نام ہے، جو ہمیشہ زندہ رہے گی،  انہوں نے اہلیان کھڑی کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے چوہدری ارشد حسین، چوہدری یاسر سلطان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اہلیان کھڑی سے کہا کہ وہ چوہدری صہیب ارشد کو آمدہ الیکشن میں کامیاب کریں، پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ آنے والے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر حکومت بنائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close