امریکا کی جانب سے قطر، کویت، امارات اور اسرائیل کو مزید اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری

امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنے اتحادی ممالک کو مجموعی طور پر 8.6 ارب ڈالر مالیت کے جدید اسلحے اور دفاعی نظام فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد خطے میں دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا بتایا جا رہا ہے۔

 

امریکی محکمہ خارجہ نے کویت کو اڑھائی ارب ڈالر کا بیٹل کمانڈ سسٹم اور متعلقہ آلات فروخت کرنے کی منظوری دی ہے، اسرائیل کو بھی 99 کروڑ 24 لاکھ ڈالر کے ایڈوانسڈ پریسیژن کِل ویپن سسٹم کی فروخت کی منظوری دے دی گئی۔

قطر کو 4 ارب ایک کروڑ ڈالر کے پیٹریاٹ میزائل جبکہ متحدہ عرب امارات کو 14 کروڑ 76 لاکھ ڈالر کے ایڈوانسڈ پریسیژن کِل ویپن بیچنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق اس پیکج میں جدید دفاعی سازوسامان، نگرانی کے نظام، اور جدید فوجی ٹیکنالوجی شامل ہے، جس کا مقصد اتحادی ممالک کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ اور خطے میں سکیورٹی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ہے اور امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close