وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے وژن کے تحت زرعی کانفرنس کا انعقاد

آزاد جموں و کشمیر میں منعقد ہونے والی زرعی کانفرنس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے وژن کے مطابق 22 اپریل 2026 کو ایئرپورٹ مظفرآباد میں اس اہم کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

کانفرنس کا مقصد خطے میں زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں جدت لا کر پیداوار میں اضافہ کرنا اور کسانوں کو درپیش مسائل کا مؤثر حل پیش کرنا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں اور انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

ڈائریکٹر لائیوسٹاک و چیئرمین لاجسٹک کمیٹی ظفر اقبال ہاشمی اور ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسر ڈاکٹر شاہد شیخ نے ایئرپورٹ مظفرآباد میں جائے کانفرنس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پنڈال، اسٹالز کی جگہ، شرکاء کی آمد و رفت، پارکنگ، اسٹیج، ساؤنڈ سسٹم اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ظفر اقبال ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے وژن کے مطابق آزاد کشمیر میں زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس کسانوں، مویشی پال حضرات اور زرعی ماہرین کے درمیان ایک مؤثر رابطے کا ذریعہ بنے گی، جہاں جدید تحقیق، ٹیکنالوجی اور عملی تجربات کا تبادلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کانفرنس میں جدید زرعی مشینری، بہتر بیج، ڈیری فارمنگ، پولٹری اور مویشیوں کی صحت سے متعلق نئی ٹیکنالوجیز سے آگاہ کیا جائے گا۔ ماہرین کسانوں کو پیداوار میں اضافے، بیماریوں کی روک تھام اور مارکیٹ تک رسائی کے مؤثر طریقوں سے بھی آگاہ کریں گے۔

اس موقع پر مختلف سرکاری و نجی اداروں کی جانب سے اسٹالز بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں جدید زرعی آلات، بیج، کھاد اور لائیوسٹاک سے متعلق سہولیات کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔

ڈاکٹر شاہد شیخ نے کہا کہ یہ کانفرنس نہ صرف زرعی و لائیوسٹاک کے شعبے میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ اس سے مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا اور کسانوں و مویشی پال حضرات کی آمدن میں اضافے کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close