پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کو پرلگ گئے

شہر میں چھٹی کے روز مہنگائی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، جہاں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ وصول کی جانے لگیں۔

 

مارکیٹ سروے کے مطابق آلو کی سرکاری قیمت 20 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم یہ بازار میں 40 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح پیاز 57 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو جبکہ ٹماٹر 80 روپے کی جگہ 130 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔

لہسن کی سرکاری قیمت 525 روپے فی کلو ہونے کے باوجود 590 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ادرک 272 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے۔ بھنڈی 172 روپے کے مقابلے میں 250 روپے، ٹینڈے 176 روپے کے بجائے 300 روپے اور کریلے 133 روپے کے مقابلے میں 180 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔

اسی طرح لیموں کی قیمت بھی کنٹرول سے باہر ہو گئی ہے، جہاں سرکاری نرخ 60 روپے کے مقابلے میں 100 روپے فی کلو وصول کیے جا رہے ہیں۔

پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سیب (سفید) 275 روپے کے بجائے 350 روپے فی کلو، کیلا 210 روپے کے مقابلے میں 260 روپے فی درجن جبکہ امرود 160 روپے کے بجائے 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close