مظفرآباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھتو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کلبھوشن کے وکیل بن گئے، آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کا وزیراعظم منتخب ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے ہجیرہ میں انتخابی مہم کے دوران جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیر کا سفیر بنتے بنتے اب کلبھوشن یادیو کا وکیل بن چکا ہے جب کہ ہمارا نعرہ رائےشماری کا ہے ، کشمیر سے متعلق فیصلے صرف کشمیری عوام کریں گے ، کشمیر کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کا وزیر اعظم منتخب کریں گے کیوں کہ پیپلز پارٹی اور کشمیریوں کا رشتہ 3 نسلوں کا ہے، آپ نے ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا ساتھ دیا اور انہوں نے آپ کا ساتھ دیا، پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیرمیں جمہوریت اور پارلیمانی نظام کی بنیاد رکھی، آزاد کشمیر کے عوام عمران خان کی مہنگائی اور بےروزگاری کا مقابلہ کررہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حملہ ہوتا ہے تو عمران خان کہتا ہے میں کیا کروں، مقبوضہ کشمیرمیں مودی حکومت ظلم کررہی ہے۔ کٹھ پتلی نے کشمیر ہائی وے کا نام سری نگر ہائی وے رکھ دیا، یہ ان کا جواب ہے ، کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار جمعہ والے دن بھی صرف ایک ہفتہ کیا، اس کٹھ پتلی نے کشمیر کا سودا کر لیا ہے، کشمیر کے فیصلے کشمیری عوام نہیں بلکہ کٹھ پتلی کررہے ہیں، کٹھ پتلی وزیراعظم کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے، کشمیر کا سفیر بنتے بنتے عمران خان اب کلبھوشن یادیو کا وکیل بن چکا ہے ، کلبھوشن یادیو کو این آر او دینے کے لئے آرڈیننس لایا گیا، کلبھوشن نے آرڈیننس کا فائدہ نہیں لیا تو پارلیمان میں آگئے، عمران خان نے صرف کلبھوشن کو این آر او دیا ، اگر عمران خان نے کلبھوشن کو این آر او دینا ہے تو ہم اس کا ساتھ نہیں دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں