اس وقت آزاد کشمیرکابچہ بچہ کہہ رہاہے کہ کشمیرکاسودانامنظور، کشمیرکاسودانامنظور، بلاول بھٹو نے کشمیری عوام سے پیپلزپارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروانے کی اپیل کر دی

ہجیرہ (پی این آئی) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور کشمیریوں کا رشتہ 3 نسلوں سے چلا آرہاہے،آپ نے اگر ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر شہید کا ساتھ دیا تو پیپلزپارٹی نے بھی ہمیشہ آپ کاساتھ دیا- ان انتخابات میں آزادکشمیر کے عوام پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں اور اس رشتے کو مزید مضبوط کریں – انہوں نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیرکے عوام بھارتی ظلم وستم سہنے پرمجبورہیں جبکہ ادھر آزادکشمیرکے عوام عمران خان کی مہنگائی ،غربت اور بے روزگاری کامقابلہ کررہے ہیں۔اس وقت آزادکشمیرکابچہ بچہ کہہ رہاہے کہ کشمیرکاسودانامنظور،کشمیرکاسودانامنظور،بزدل کٹھ پتلی سکیورٹی رسک بن چکاہے، پورے پاکستان میں اس وقت معاشی بحران ہے،عمران خان کی ناکام پالیسیوں کے باعث آج عوام اضافی بوجھ اٹھارہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے ااس امر کا اظہار کیا ہے کہ ہم نے بنی گالہ اور اسلام آباد کو پیغام پہنچاناہے کہ اب کشمیرکے فیصلے کشمیرکے عوام کرینگے۔ہم اسلام آبادمیں بیٹھے کٹھ پتلی کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے۔ وہ اتوار کے روز سابق سپیکر قانون ساز اسمبلی سردارغلام صادق (مرحوم) کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ چیرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیرکے عوام اپنے فیصلے خودکریں گے ۔ہمارا نعرہ ہے کہ ”رائے شماری سب پر بھاری” ،اس وقت کشمیر کے فیصلے کشمیرکے عوام نہیں کررہے ہیں بلکہ اسلام آباد میں بیٹھا ایک کٹھ پتلی کررہاہے،وہ کہتاہے کہ وہ کشمیرکا سفیر ہے لیکن وہ توکل بھوشن کا وکیل نکل آیا ہے،اب وہ کل بھوشن کو این آر او دے رہاہے،رات کے اندھیرے میں آرڈیننس کی شکل میں کل بھوشن کو این آراودینے کی کوشش کی جاتی ہے۔پیپلزپارٹی اس جرم میں شریک نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ مودی نے پاکستان پر تاریخی حملہ کیالیکن کٹھ پتلی کا کہنا ہے کہ ہرجمعہ کے جمعہ سڑکوں پرکھڑے ہوں گے لیکن بعد میں یہ وعدہ بھی جھوٹا نکلا،حالات جتنے بھی مشکل ہوں پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عام کاساتھ دیا،آپ کے پاس سرکاری وسائل ہیں تو میرے پاس قائدعوام ذوالفقارعلی بھٹو اور بینظیربھٹو کافلسفہ ہے۔ تعزیتی ریفرنس سے قمر الزمان کائرہ، چوہدری لطیف اکبر، سردار محمد یعقوب خان، سردار سعود صادق نے بھی خطاب کیا – اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری اور ان کے ہمراہ آئے ہوے پارٹی قائدین نے مرحوم غلام صادق کے درجات کی بلندی کے لیے دعا ء مغفرت فرمائی اور لواحقین کے ساتھ تعزیت کی – اس موقع پر سابق مشیر آزاد حکومت چوہدری محمد ریاض ، سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور، سردار امجد یوسف، سید دلاور بخاری،سردار رئیس انقلابی، عنائت اللہ عارف بھی موجود تھے۔

close