’’خلیجی ملک کا فوج میں‌ رضاکارانہ بھرتی کا اعلان‘‘ شرائط اور اہلیت جانیں

کویت کی وزارت دفاع نے نان کمیشنڈ افسران (NCOs) اور جوانوں کی رضاکارانہ بھرتی کے لیے نئے تربیتی کورس کا اعلان کر دیا ہے۔ مختلف تعلیمی قابلیت رکھنے والے کویتی شہری اس بھرتی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

آن لائن رجسٹریشن کا آغاز ہو چکا ہے اور درخواستیں 18 اگست 2026 تک جمع کرائی جا سکیں گی۔

اہلیت:

  • یونیورسٹی ڈگری رکھنے والے امیدوار
  • ہائی اسکول کے بعد ڈپلومہ ہولڈر
  • انٹرمیڈیٹ (ثانویہ عامہ) یا مساوی تعلیمی قابلیت رکھنے والے
  • آٹھویں سے گیارھویں جماعت تک تعلیم مکمل کرنے والے امیدوار

شرائط:

  • درخواست دہندہ کا کویتی شہری ہونا ضروری ہے۔
  • عمر 18 سے 26 سال کے درمیان ہو۔
  • طبی لحاظ سے فوجی سروس کے لیے فٹ ہو۔
  • قد کم از کم 157 سینٹی میٹر ہو۔
  • اچھے کردار کا حامل ہو اور انٹرویو میں کامیاب ہو۔
  • کسی سنگین جرم، بدعنوانی یا اخلاقی جرم میں سزا یافتہ نہ ہو، سوائے ان افراد کے جن کی قانونی طور پر ساکھ بحال ہو چکی ہو۔
  • کسی سرکاری ادارے سے برطرف نہ کیا گیا ہو۔
  • اگر امیدوار پہلے سے ملازمت کر رہا ہے تو حتمی منظوری کے بعد موجودہ ملازمت سے استعفیٰ دینا ہوگا۔

تعلیمی قابلیت کے مطابق فوجی رینک:

  • پی ایچ ڈی: وکیل ضابط (وارنٹ آفیسر) + دو اضافی الاؤنس
  • ماسٹرز: وکیل ضابط
  • بیچلر ڈگری: سارجنٹ میجر
  • ہائی اسکول اور ڈپلومہ: سارجنٹ + دو اضافی الاؤنس
  • انٹرمیڈیٹ: سارجنٹ
  • نویں سے گیارھویں جماعت: وکیل عریف (کارپورل)
  • آٹھویں جماعت یا اس سے کم تعلیم: سپاہی (جندی)

وزارت دفاع کے مطابق نان کمیشنڈ افسران کی تربیت چار ماہ جبکہ عام فوجیوں کی تربیت تین ماہ پر مشتمل ہوگی۔

درخواست کے لیے مطلوبہ دستاویزات:

  • اصل کویتی شہریت کا سرٹیفکیٹ
  • سول شناختی کارڈ
  • پیدائش کا سرٹیفکیٹ
  • تصدیق شدہ آخری تعلیمی سند
  • لازمی فوجی سروس، سوشل انشورنس اور افرادی قوت سے متعلق دستاویزات (جہاں لاگو ہوں)
  • والدین کی شہریت کی نقول
  • اگر والدین میں سے کسی کا انتقال ہو چکا ہو تو وفات کا سرٹیفکیٹ
  • پانچ حالیہ پاسپورٹ سائز تصاویر (4×6)
  • شادی شدہ امیدوار کے لیے نکاح نامہ اور اہلیہ کی شہریت کی نقل

وزارت دفاع نے ہدایت کی ہے کہ تمام دستاویزات واضح اور درست حالت میں آن لائن جمع کرائی جائیں، جبکہ ان کی اصل نقول ذاتی انٹرویو کے وقت پیش کرنا لازمی ہوں گی۔

close