ممبئی (آئی این پی): سابق بھارتی کرکٹر راجیش چوہان مبینہ فراڈ کے الزام میں قانونی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ان کے خلاف ایک شخص سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق راجیش چوہان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک شخص کو اسٹیل کمپنی میں ٹرانسپورٹ کا ٹھیکہ دلوانے کا جھانسہ دے کر 15 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کی۔ یہ معاملہ گووند ٹرانسپورٹ کمپنی کے نام پر کیے گئے ایک معاہدے سے متعلق بتایا جا رہا ہے۔
شکایت کنندہ دنکر وشوامترا کا کہنا ہے کہ راجیش چوہان نے خود کو معروف بین الاقوامی کرکٹر اور بڑے صنعت کاروں سے قریبی تعلقات رکھنے والا شخص ظاہر کرتے ہوئے ان سے رابطہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی ٹرانسپورٹ کمپنی کو ایک بڑی اسٹیل کمپنی کے لیے لوہا اور دیگر سامان کی ترسیل کا ٹھیکہ حاصل ہے۔
شکایت کے مطابق راجیش چوہان نے منافع بخش کاروبار کا لالچ دے کر متاثرہ شخص کو اپنی ٹرانسپورٹ کمپنی کے ٹرک اس منصوبے میں شامل کرنے اور شراکت دار بننے پر آمادہ کیا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے بعض دستاویزات بھی دکھائیں، جنہیں حقیقی سمجھتے ہوئے متاثرہ شخص نے جولائی 2021 میں معاہدہ کر لیا۔
متاثرہ شخص کے مطابق اس نے معاہدے کے بعد 15 لاکھ روپے سے زائد رقم دو اقساط میں بینک کے ذریعے راجیش چوہان کو منتقل کی، تاہم وعدہ پورا نہ ہونے پر معاملہ پولیس تک پہنچا، جس کے بعد مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






