پاکستان سمیت 10 ممالک کے وزرائے خارجہ کی گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

پاکستان سمیت مختلف ممالک نے غزہ امداد لیکر جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مشترکہ مذمتی بیان جاری کرنے  والے 10 ممالک میں پاکستان، ترکیے، بنگلادیش، برازیل، کولمبیا،  انڈونیشیا، اردن، لیبیا، مالدیپ اور اسپین کے وزرائےخارجہ شامل ہیں۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا ایک پُرامن شہری اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام ہے، اس کا مقصد فلسطینیوں کی سنگین انسانی مشکلات پرعالمی توجہ مبذول کروانا ہے۔مذمتی بیان میں شہری کشتیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنانے والے مسلسل اقدامات کی مذمت کی گئی ہے

مشترکہ مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کشتیوں پر حملے،کارکنوں کی گرفتاری عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، اسرائیل گرفتار تمام کارکنوں کو فوری طور  پر  رہا کرے،گرفتار تمام کارکنوں کے حقوق اور  وقار کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔

دس ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پُرامن انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں پرحملےعالمی قوانین اور آزاد جہازرانی کی خلاف ورزی ہیں، عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ ان اسرائیلی خلاف ورزیوں پراحتساب یقینی بنانے کےلیےعملی اقدامات کیے جائیں اور اسرائیل کو سزا سے استثنیٰ کےخاتمے کےلیےعملی اقدامات کیے جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close