محکمہ موسمیات نے 14 سے 17 ستمبر تک ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، قصور، اوکاڑہ اور ننکانہ صاحب میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، سوات، چترال، دیر، ملاکنڈ اور مردان سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت مختلف شہروں جبکہ بلوچستان کے ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے بھی خبردار کیا ہے۔
دوسری جانب موسمیاتی خطرات سے متعلق ایک عالمی جائزے میں پاکستان کے چار بڑے شہروں ملتان، لاہور، فیصل آباد اور کراچی کو موسمیاتی خطرات سے دوچار شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا کے کئی بڑے شہروں میں شدید گرمی، سیلاب، خشک سالی اور دیگر موسمیاتی خطرات کے مقابلے میں موافقتی اقدامات محدود ہیں۔ ماہرین کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے بڑے شہروں کو موسمیاتی خطرات کم کرنے، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔





