این ڈی ایم اے نے گلیشیئر پھٹنے اور شدید سیلابی ریلوں کا الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد (آن لائن) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں ممکنہ گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ہوگیا ہے، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ادارے نے غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر اور استور کو گلیشیائی سیلاب کے حوالے سے حساس قرار دیا ہے، جبکہ اسکردو، گانچھے، کھرمنگ اور وادی نیلم میں بھی گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ میں اچانک سیلاب کا خطرہ موجود ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے ریلوں کا بھی خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس گلیشیئرز، جھیلوں، دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور گرج چمک کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری اور گلیات میں 5 ستمبر تک شدید بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ضروری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔