وزیراعظم شہباز شریف کو کرغز صدر نے خود گاڑی چلا کر ایئرپورٹ پہنچایا

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ کرغزستان مکمل ہوگیا، جہاں کرغزستان کے صدر صادیر ژاپاروف خود گاڑی چلا کر وزیراعظم کو ایئرپورٹ لائے اور انہیں الوداع کیا۔

جاری اعلامیے کے مطابق صدر ژاپاروف کا ایئرپورٹ پر وزیراعظم کو الوداع کرنے آنا مثالی مہمان نوازی اور دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا اظہار ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ صدر ژاپاروف کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو ایئرپورٹ پر الوداع کرنا برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ ہے۔

پاکستان روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرغزستان میں مثبت ملاقاتیں ہوئیں اور تجارت بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور پاکستان نے کرغزستان کے ساتھ تجارت کو 16 ملین ڈالر سے بڑھانے کی تجویز پیش کی، جس سے کرغز صدر نے مکمل اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کو 20 کروڑ ڈالر تک لے جانے کے تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس پر وہ کرغزستان کی قیادت کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔

دورے کے اختتام پر پاکستان اور کرغزستان کی جانب سے جامع مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا، جس میں دوطرفہ تجارتی حجم کو 20 کروڑ ڈالر تک پہنچانے کے لیے ایک منظم اور جامع پلان تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، توانائی، کان کنی، زراعت، خوراک، ٹیکسٹائل اور ادویہ سازی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس کے علاوہ ورچوئل اثاثوں کے جدید شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت اور ٹرانزٹ تجارت کے اہم معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے کرغزستان کے لیے تجارتی اور ترسیلی مواقع بڑھائے جائیں گے۔

مشترکہ اعلامیے میں بجلی، پن بجلی، قابل تجدید توانائی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ سائنس، ٹیکنالوجی، تعلیم اور طبی تعلیم کے شعبوں میں متعدد معاہدوں پر دستخط کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

قانونی اور سیکیورٹی معاملات کے حوالے سے دونوں ممالک نے قیدیوں کے تبادلے اور فوجداری مقدمات میں باہمی قانونی معاونت کے معاہدوں پر دستخط کیے، جبکہ دفاعی شعبے میں تعلقات اور متعلقہ اداروں کے روابط مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس کے علاوہ لاہور اور اوش کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کے قیام کا معاہدہ بھی عمل میں لایا گیا ہے۔

اعلامیے میں عالمی اور علاقائی امور پر بات کرتے ہوئے دونوں ممالک نے عالمی تنازعات کے پرامن حل اور کسی بھی قسم کے یکطرفہ اقدامات سے گریز پر زور دیا۔ پاکستان نے کرغزستان کے عالمی ماحولیاتی اور پہاڑی خطوں کی ترقی کے ایجنڈے کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

دورے کے بعد امید ظاہر کی گئی ہے کہ وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ پاکستان کے معاشی اور سفارتی تعلقات میں ایک نیا اور مضبوط باب شامل ہوگا، جس سے عام شہریوں اور کاروباری طبقے کو براہ راست فوائد حاصل ہوں گے۔