بڑی خوشخبری! تنخواہوں میں اضافے کی منظوری

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر ملک عدیل اقبال کی زیر صدارت کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چھٹا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں سیاحت کے فروغ اور اتھارٹی کی کارکردگی و امور میں بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری برائے سیاحت و ثقافت فتح الملک علی ناصر، سیکریٹری محکمہ سیاحت و ثقافت سعادت حسن، ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی شاہد خان سمیت بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پانچویں اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کا مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کیا گیا، جس پر تفصیلی غور کے بعد منظوری دے دی گئی۔

بورڈ نے ٹورازم پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا۔ معاون خصوصی ملک عدیل اقبال نے اتھارٹی کو اخراجات میں کمی لانے اور دستیاب وسائل کے مؤثر اور بہترین استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں صوبے میں پیرا گلائڈنگ کی سرگرمیاں شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی، جبکہ لیز پر دی گئی سرکاری املاک کے معاہدوں میں سالانہ لیز میں اضافے کی شق شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بورڈ نے کیمپنگ پوڈز اور ریسٹ ہاؤسز کی آؤٹ سورسنگ کی منظوری بھی دے دی، جس کے لیے معاملہ ٹیکنیکل کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ معاون خصوصی نے ہدایت کی کہ سرکاری املاک کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے متعلقہ قوانین و ضوابط میں مزید بہتری لائی جائے۔

اجلاس میں ٹورازم اینڈ ہاسپٹلٹی ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ 16 اراکین پر مشتمل کمیٹی سیاحت اور ہاسپٹلٹی کے شعبوں میں بہتری کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا ٹورازم بوٹنگ سیفٹی ریگولیشنز 2026 کی منظوری بھی دی گئی۔ نئے ریگولیشنز کے ذریعے صوبے میں ٹورازم بوٹنگ کی رجسٹریشن، لائسنسنگ، فٹنس اور آپریشنز کا طریقہ کار واضح کردیا گیا ہے، جس کا مقصد کشتی رانی کی سرگرمیوں کو باقاعدہ بنانے کے ساتھ سیاحوں اور مقامی افراد کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔